سڑکیں بحال،پنجاب خوشحال پروگرام،سرگودھا میں61سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے شروع

سرگودھا(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی انیشیٹو”سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال ”پروگرام کے تحت ضلع سرگودھا میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر عملی پیش رفت شروع ہو گئی ہے۔ 3 ارب 87 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے 61 سڑکوں کے ٹینڈرز جاری کیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی لمبائی 162 کلومیٹر ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری نے ممبر صوبائی اسمبلی صفدر ساہی کے ہمراہ مختلف سٹرکوں کی سائٹس کا دورہ کیا اور جاری تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں شفافیت، معیاری میٹریل کے استعمال اور مقررہ ٹائم لائن کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام منصوبوں کے ورک آرڈرز جاری کیے جا رہے ہیں، تمام سڑکوں کے لیے مکمل فنڈنگ دستیاب ہے اور جون تک ان سڑکوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ سڑکوں کی بہتری سے آمدورفت میں آسانی آئے گی، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کو حقیقی ریلیف ملے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ تمام منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کام بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل ہو۔اس موقع پر اے ڈی سی آر فہد محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں