اسلام آباد (بیوروچیف) دفتر خارجہ پاکستا ن نے افغان ناظم الامور کو طلب کر کے پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق، افغان نائب سفیر کو ایک باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے جس میں باجوڑ حملے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر ایک دہشت گرد حملہ ہوا تھا، جس کے لیے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سرحد پار سے آکر کارروائی کی تھی، اس حملے کے نتیجے میں وطنِ عزیز کے 11بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا رتبہ پایا تھا۔




