فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ مراد کالونی میں فیسکو کی گاڑی نے گلی میں کھیلتی ہوئی تین سالہ بچی کو کچل دیا’ اہل علاقہ سراپا احتجاج’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب فیسکو ڈرائیورکی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ مراد کالونی کے رہائشی عابد کی تین سالہ بیٹی عنائیہ فاطمہ گھر کے باہر گلی میں کھیل رہی تھی کہ فیسکو کی ٹرانسفارمر رکھنے والی گاڑی نے بچی کو کچل دیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال میں لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ بچی کی ہلاکت پر والدین غم سے نڈھال ہو گئے۔ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ تاہم ڈی ٹائپ کالونی پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




