حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کیلئے اقدامات

اسلام آباد (بیوروچیف)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر حج آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کیلئے وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ تقریب میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان و دیگر افسران نے شرکت کی۔جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق حج کے عمل کومزید شفاف اور سہل بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہوگا، اقدام سے بین الاقوامی سطح کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ آئندہ سال حج درخواست سے وطن واپسی تک اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا، درخواست گزاروں کیلئے سادہ اور آسان فہم آن لائن حج پورٹل قائم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں