ڈی ای او ایلیمنٹری کی”نذرانے” سے انکار پر ماتحت کیخلاف انتقامی کارروائیاں

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) محکمہ تعلیم فیصل آباد کے ڈی ای او میل ایلیمنٹری کے خلاف سنگین الزامات،تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر محمد جاوید کی جانب سے اینٹی کرپشن کو دی جانے والی درخواست کے مطابق جب محمد ذاکر نے بطور ڈی ای او میل ایلیمنٹری فیصل آباد چارج سنبھالا تو مجھ پر ریسٹورنٹ میں استقبالیہ تقریب کے انتظام سمیت مختلف غیر سرکاری اخراجات کا دبائو ڈالا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک دیگر افسر کے ذریعے مطالبات پہنچائے جاتے رہے اور دفتر کے اخراجات بھی برداشت کرنے پر مجبور کیا گیا۔محمد جاوید نے اپنی درخواست میں دعوی کیا ہے کہ انہوں نے ڈی ای او کے بیٹے کی داخلہ فیس 12,405 روپے اور پراسپیکٹس کی قیمت اپنی جیب سے ادا کی جو کہ Government Graduate College Satiana Road میں جمع کروائی گئی۔ مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر تین لاکھ روپے بطور قرض طلب کیے گئے اور انکار پر انہیں دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انکار کے بعد ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کی گئیں، بار بار دورے کروا کر رپورٹس بنوائی گئیں اور پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکائونٹیبلٹی ایکٹ (PEDA)کے تحت کارروائی کی سفارش کی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بغیر مکمل انکوائری کے ان کی تنخواہ جنوری 2026 سے بند کر دی گئی جبکہ جون 2025 سے جنوری 2026 تک انسپکشن الائونس بھی ادا نہیں کیا گیا۔شکایت میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران فرضی انسپکشن وزٹس ریکارڈ کروائے گئے تاکہ ٹی اے/ڈی اے اور پٹرول الائونس کلیم کیے جا سکیں۔ درخواست گزار کے مطابق وہ شدید ذہنی، جذباتی اور مالی دبائو کا شکار ہیں اور ان کے اہل خانہ مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، ان کی تنخواہ اور بقایاجات بحال کیے جائیں، مبینہ غیر قانونی اقدامات واپس لیے جائیں اور آئندہ ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ اگر انکوائری کا حکم جاری ہوتا ہے تو محکمہ تعلیم میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں