زیر تعمیر شاہراہوں کی کوالٹی، مٹیریل کا جائزہ

لاہور (بیورو چیف)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شاہراہوں کی رائیڈنگ کوالٹی، مٹیریل کی ٹیسٹنگ اور مجموعی تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی جس میں سرگودھا اور خوشاب کی شاہراہوں پر جاری کام کی پیش رفت اور معیار کی جانچ شامل تھی۔ مٹھہ ٹوانہ تا آدھی کوٹ اور شاہ پور تا بھلوال تا جھال جھگیاں روڈ کی تعمیراتی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ شاہ پور تا بھلوال تا جھال جھگیاں کی 61 کلومیٹر شاہراہ کی انسپکشن کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے شاہراہ کی اوور ال تعمیر کو تسلی بخش قرار دیا اور شاہراہ کے مرکزی کام مکمل ہونے کے بعد روڈ فرنیچر اور شولڈر کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح، مٹھہ ٹوانہ تا آدھی کوٹ کی 33 کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تمام شاہراہوں کو اعلی معیار اور کوالٹی کے مطابق بنایا جا رہا ہے اور ہر منصوبے کی ٹیسٹنگ اور مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری ہے تاکہ تعمیراتی معیار میں کوئی کمی نہ آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں