وہیکل چوری کی روک تھام کیلئے پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا ہے کہ وہیکل چوری کی روک تھام کیلئے چیکنگ کو موثر بنایا جائے، رش والی جگہوں’ پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی بی اور اے وی ایل ایس کے ڈی ایس پی اعجاز احمد’ انچارج اے وی ایل ایس سب انسپکٹر رانا نجم الحسن اور ڈی آئی بی اقبال ڈویژن کے انسپکٹر عبدالغفار اور دیگر سے خصوصی میٹنگ کے دوران کیا۔ سی پی او نے کہا کہ شہریوں کے مال وجان کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ شہریوں کی وہیکل چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کیلئے بہترین حکمت عملی طے کی جائے۔ شہر کے اہم مقامات’ رش والی جگہوں اور پارکنگ ایریاز کی کڑی نگرانی کی جائے۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ اکثر وہیکل چور گاڑیاں چوری کر کے مختلف پارکنگ میں کھڑی کر دیتے ہیں۔ چوری’ ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتگان اور گینگز کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرمان’ منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے۔ سی پی او نے کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران واہلکاروں کی سرزنش اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے اے وی ایل ایس کے انچارج رانا نجم الحسن کی کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں