سول و عسکری ادارے ملکی ترقی کیلئے کوشاں ہیں،شجاعت حسین

لاہور(بیوروچیف)پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ریاض فتیانہ نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ ایم این اے ریاض فتیانہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ موجود ہے، چوہدری شجاعت حسین ایک مدبر سیاستدان اور درد دل رکھنے والے انسان ہیں ،سابق وزیر اعظم نے ملک کی تعمیر ترقی اور استحکام میں لازوال کردار ادا کیا،انہوں نے ہمیشہ رواداری اور برداشت کی سیاست کو فروغ دیا۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے ،سول وعسکری ادارے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں،وقت کا تقاضا ہے کہ ہر ایک ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اوقاف ڈیپارٹمنٹ میں کی گئی اصلاحات بارے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت نے سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول یقینی بنایا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور موثر حکمت عملی کے باعث پنجاب میں اربوں روپے کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری ائی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام تیزی سے جاری ہے محکمہ اوقاف کے امور میں مزید شفافیت لانے کیلئے کمپیوٹرائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں