ڈپٹی چیف آفیسرMCFعظمت فردوس ان ایکشن،شہری حدود سے مویشیوں کے انخلاء کیلئے نوٹسز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ عظمت فردوس نے شہری حدود سے مویشیوں’ بڑے جانوروں کے انخلاء کیلئے دوبارہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے پالتو جانور رکھنے والوں کو نوٹسز جاری کر دیئے اور مویشی مالکان کو کہا گیا ہے کہ وہ 7یوم کے اندر اپنے مویشیوں کو میونسپل کارپوریشن کی حدود سے باہر لے جائیں ورنہ ان کے خلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے مویشی ضبط اور باڑوں کو مسمار کر دیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف آفیسر ایم سی ایف محترمہ عظمت فردوس نے شہری حدود میں مویشی’ بڑے جانور رکھنے والوں کے خلاف دوبارہ مہم کا آغاز کر دیا اور شہری حدود میں مویشی رکھنے والوں کو بڑی تعداد میں نوٹسز جاری کر دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے مویشیوں کی وجہ سے شہر کا سیوریج سسٹم ناکارہ اور گلی محلوں میں گوبر وغیرہ کے ڈھیر لگنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے اور ٹریفک کے بہائو میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گلی محلوں میں شہریوں کا گزرنا محال ہو جاتا ہے اور تعفن کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار بھی ہو رہے ہیں۔ جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں مویشیوں کو شہری حدود سے باہر نکالنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور ان پر عملدرآمد کرنے کے لیے بالخصوص بڑے جانوروں گائے’ بھینس’ اونٹ’ گھوڑے’ خچر اور گدھے وغیرہ کو ہائوسنگ سوسائٹیز’ گلی’ محلوں’ پارکوں’ کھلی جگہوں پر رکھنے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے شہری حدود میں مویشی رکھنے والوں کو 10ہزار سے 50ہزار تک جرمانہ’ مویشی ضبط’ مقدمات کا اندراج اور باڑوں کو مسمار کیا جا سکتا ہے۔ اسطرح شہری حدود میں مویشی رکھنے والوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے مویشیوں کو میونسپل کارپوریشن کی حدود سے باہر لے جانے کا کہا گیا ہے ورنہ ان کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں