ٹریفک قوانین کی پابندی ہم سب کی قانونی ذمہ داری ہے،چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے فروغ کے لئے سٹی ٹریفک پولیس کے تعاون سے سول ویٹرنری ہسپتال لیاقت روڈ میں محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے افسران اور عملہ کے لئے ایک جامع ٹریفک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا اور ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے بطورِ مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے اخلاقی فریضہ بھی ہے۔سیمینار کے دوران ٹریفک قوانین اور ان کی اہمیت، موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کے استعمال کی ضرورت، گاڑی چلاتے وقت موبائل فون کے استعمال کے نقصانات، سیٹ بیلٹ کی پابندی، اوور اسپیڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کے خطرات، حادثات کی روک تھام کے عملی اقدامات اور سرکاری ملازمین کا بطور ذمہ دار شہری کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد سے حادثات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں افسران و عملہ نے ٹریفک سے متعلق مختلف امور پر رہنمائی حاصل کی۔شرکا میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر روبینہ انجم،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سہیل احمد انجم،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس عرفان کمبوہ،انچارج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ٹریفک پولیس ڈاکٹر مبشر باجوہ اور محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد کے دیگر افسران شامل تھے۔اس دوران چیف ٹریفک پولیس آفیسر کو محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے مویشی پال کسانوں کے لئے فراہم کردہ سہولیات بشمول الٹرا ساونڈ، علاج معالجہ اور بیماریوں کی تشخیص کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محکمہ لائیوسٹاک اور سٹی ٹریفک پولیس مستقبل میں بھی مشترکہ کاوشوں کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے کے لئے ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں