کسی بھی شر پسند کو علاقے کے امن سے کھیلنے نہیں دینگے،اے سی جڑانوالہ رنگزیب گورائیہ

جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے امن کمیٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت اسسٹنٹ کمشنر جڑا نوالہ رنگزیب گورائیہ منعقد ہوا۔اجلاس میں امن کمیٹی کے ممبران،مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں انچارج سیکیورٹی تحصیل جڑانوا لہ حاجی رانا عنصر خاں اور ایس ایچ او تھانہ سٹی عاطف کھچی بھی شریک ہوئے۔ شرکا نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔اجلاس کے دوران سانحہ بھکر کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات کے موقع پر تمام مکاتبِ فکر کی مساجد کی انتظامیہ اپنی مدد آپ کے تحت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گی، جبکہ پولیس اور انتظامیہ بھی مکمل تعاون فراہم کرے گی۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گورائیہ نے کہا کہ جڑانوالہ میں امن و امان کا قیام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شرپسند عنصر کو علاقے کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے اتحاد، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں