نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کو یقینی بنائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ریونیو ریکوری کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ دیرینہ نادھندگان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنائیں اور عدم ادائیگی پر انکی جائیدادوں کو سربمہر کر دیا جائے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو بقایاجات کی وصولی کی مہم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ریکوری ٹارگٹس کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور غفلت شعار سٹاف کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اس ضمن میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن، ڈائریکٹراسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس افضال انصاری، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایف ڈی اے سٹی عدنان شہزاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوریز میاں اختر و دیگر افسران موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے مختلف مدات میں بقایاجات کی وصولی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پرانے نادھندگان سے بقایاجات کی وصولی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے اس ضمن میں جامع اور ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ پر عائد جرمانوں کی رقوم وصول کرنے پر خصوصی توجہ دیں جبکہ غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن کو تیز کرنے کے علاوہ کمرشلائزیشن واجبات جمع نہ کرانے والوں کی جائیدادوں کو سربمہر کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریکوری مہم میں غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے علاوہ انکی سالانہ رپورٹس میں ناقص کارکردگی کے اندرجات کئے جائیں گے جبکہ ریونیو ریکوری کے اہداف پورا کرنے والے سٹاف کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں