ملاوٹ شدہ بنولہ کھل تیار کرنیوالوں کیخلاف خصوصی مہم

جڑانوالہ(نامہ نگار) حکومت پنجاب اور محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ملاوٹ شدہ بنولہ کھل تیار کرنے والوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت ضلع فیصل آباد میں بھی کارروائیاں جاری۔تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب اور محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ملاوٹ شدہ بنولہ کھل تیار کرنے والوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت ضلع فیصل آباد میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈاکٹر سہیل احمد انجم ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد نے ڈاکٹرز ڈیریز فیڈز خانوآنہ جبکہ ڈاکٹر محمد عثمان مرزا ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک جڑانوالہ نے وقاص بلال امین آئل مل ستیانہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔معائنے کے دوران بنولہ کھل اور دیگر فیڈز کی تیاری کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ کوالٹی کنٹرول اور صفائی کے انتظامات چیک کیے گئے۔ڈیری اور فیٹنگ فیڈز،بنولہ کھل، چوکر،چاول کا آٹا اور دیگر اجزا کے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے حاصل کیے گئے متعلقہ مالکان کو لائسنس کے حصول اور رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے،اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات جانوروں کی صحت کے تحفظ،دودھ و گوشت کی کوالٹی بہتر بنانے اور فیڈز کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد حکومتی ہدایات کے مطابق ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں