پنشن،گریجویٹی میں کٹوتی،سرکاری ملازمین سراپا احتجاج،قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف ریلی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرکاری ملاز مین کی پنشن،گریجوٹی میں کٹ و قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل ڈیپارٹمنٹ کے سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شر کت کی۔ریلی کی قیادت سرپرست اعلی کلاس فور ملاز مین آل ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد اور صدر نیشنل لیبر فیڈریشن ڈویژن فیصل آباد میاں اعجاز حسین نے کی جبکہ چیئرمین آل پاکستان کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد، جنرل سیکرٹری نیشنل لیبر فیڈریشن فیصل آباد سید غضنفر عباس شاہ، واسا ایمپلائز یونین کے صدر میاں مقصود، محمد مشارف صدر آل پاکستان کلاس فور ملازمین ایسوسی ایشن آل ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد، محمد بوٹا، میاں عبد الحمید، ملک سرفراز، محمد مسعود نعیم ٹھیکریوالا، محمد سلطان، محمد کاشف، محمد شفیق،محمد بوٹا کوتوالی سکول، رانا احمد سعید خان، رانا اقرار سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ریلی محکمہ نہر سے شروع ہو کر ضلع کونسل چوک پہنچ کر ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ ہر سال اپنے لیے مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ کرتا ہے مگر محنت کشوں اور سرکاری ملازمین کی پنشن اور گریجویٹی میں کٹوتی کو اپنا حق سمجھتا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان میں پسے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا سراسر ظلم ہے۔ نجکاری کے نام پر قومی اداروں کو بیچا جا رہا ہے تاکہ اشرافیہ اپنی عیاشیاں اور اللے تللے پورے کر سکے۔ ایک طرف عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ بیروزگاری عروج پر ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت 11 ارب روپے کا جہاز خرید کر شاہ خرچی کی نئی مثال قائم کر رہی ہے۔مقررین نے خبردار کیا کہ اگر ملازمین کے حقوق سلب کرنے، پنشن و گریجویٹی میں کٹوتیوں اور نجکاری جیسے عوام دشمن فیصلے واپس نہ لیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کی قیادت نے اعلان کیا کہ مزدوروں اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں