مدینہ ٹاؤن بسم اللہ چوک میں پیرا فورس کی آشیر باد سے سبزی فروشوں نے ات مچا دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ ٹائون بسم اﷲ چوک میں پیرافورس کی مبینہ آشیرباد پر سبزی فروش من مرضی کے ریٹ وصول کرنے لگے’ شہریوں کی شکایات پر پیرافورس کا عملہ مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے الٹا سائلین کو دھمکانے لگا۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کے اہم علاقہ مدینہ ٹائون میں واقع بسم اﷲ چوک کے قریب سبزی وپھل فروشوں نے ریڑھیاں لگا رکھی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے اشیاء خوردو نو ش کی ریٹ لٹ سے کم وبیش 30 سے 50 روپے زائد ریٹ وصول کرنے لگے۔ ضلعی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو لگام ڈالنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرافورس کے عملہ کی مختلف علاقوں میں ڈیوٹیاں لگا رکھی ہیں کہ وہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف فوری ایکشن لیں۔ تاہم مدینہ ٹائون کے علاقہ بسم اﷲ چوک میں مبینہ طور پر پیرافورس کے عملہ نے سبزی وپھل فروشوں سے مک مکا کرتے ہوئے ان کو کھلی چھٹی دے دی۔ سبزی فروش ریٹ لسٹ سے زائد قیمتیں وصول کرنے لگے۔ تاہم شہریوں کی طرف سے مدینہ ٹائون بسم اﷲ چوک میں تعینات پیرافورس کے عملہ کو شکایات کی تو سبزی فروشوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے شہریوں پر برس پڑے اور کہنے لگے کہ اگر اشیاء خریدنی ہے تو خریدو ورنہ گھر جائوں۔ آپ کہیں اور جا کر شکایات کریں ہم کچھ نہیں کر سکتے۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد جہانگیر انور’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور پیرافورس کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مدینہ ٹائون بسم اﷲ چوک میں تعینات پیرافورس کے عملہ کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور وہاں پر فرض شناس اور ایماندار عملہ تعینات کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں