غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں قائم غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم نجی ادارو ں کو فوری رجسٹریشن کیلئے دو ماہ کی مہلت اور پرائیو یٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی نے رجسٹریشن کی تجدید میں تاخیر والے اداروں کو ون ٹائم ایمنسٹی دیتے ہوئے رینول فیس میں 30 اپریل تک توسیع دے دی ۔بدھ کو چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اہم اجلاس میں غیر رجسٹرڈ اور تجدید کے منتظر نجی تعلیمی اداروں کے مسائل اور اسلام آباد بھر کے نجی اسکولوں میں طلبہ کے اندراج کے اعداد و شمار کی تیاری و تجزیے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور پیرا کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد ڈیٹا جمع کرنے کے نظام کو بہتر بنانا اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے اندراج کے ریکارڈ کی درستی اور تصدیق یقینی بنانا تھا۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح نے شفافیت کے فروغ، باخبر فیصلوں اور مثر ضابطہ کاری کے لیے مستند اور تصدیق شدہ ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے درخواست کی کہ تجدید کے معاملات میں تاخیر کے باعث عائد جرمانوں کے سلسلے میں ایک مرتبہ کی عام معافی دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں