ڈپٹی چیف آفیسرMCFعظمت فردوس ان ایکشن،دوبارہ تجاوزات کرنیوالوں کا سامان ضبط ،دکانیں سیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرنگرانی ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان ضبط اور متعدد دکانوں کو سیل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس نے ماتحت عملہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں جھمرہ روڈ پر طارق آباد تا نگہبان پورہ پھاٹک’ بسم اﷲ چوک مدینہ ٹائون’ صدر بازار غلام محمد آباد’ جھنگ بازار’ ریگل روڈ’ منٹگمری بازار میں دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیتے ہوئے دکانوں کے باہر رکھا جانے والا سامان قبضہ میں لے لیا جبکہ منٹگمری بازار میں متعدد دکانوں کو سیل کرتے ہوئے بھاری جرمانہ بھی کئے گئے۔ محترمہ عظمت فردوس کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور کسی کو بھی دوبارہ تجاوزات کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید کے قریب آتے ہی دکانداروں کی جانب سے دوبارہ دکانوں کے باہر سامان رکھا جا رہا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ تاجروں کو چاہیے کہ وہ اپنا سامان دکانوں کے اندر رکھیں اور فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کیلئے خالی کر دیں اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کیں تو اس کا سامان ضبط’ دکان سیل اور بھاری جرمانہ کا سامنا کرنا پڑیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں