انسانی سمگلنگ میں ملوث ٹریول ایجنٹ اور رشوت خور لائن سپرنٹنڈنٹ گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر انسانی سمگلنگ میں ملوث ٹریول ایجنٹ اور رشوت لینے کے الزام میں فیسکو لائن سپرنٹنڈنٹ کو گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق متاثرہ شہری منور نے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد طارق کو درخوا ست گزارتے ہوئے بتایا کہ خانوآنہ فیسکو سب ڈویژن میں تعینات لائن سپرنٹنڈ نٹ وسیم اختر نے واپڈا کے کام کے سلسلہ میں 25ہزار وصول کئے۔ بعدازاں مزید رقم کا مطالبہ کر دیا ہے جس پر ایف آئی اے کے ایس ایچ او اجمل حسین نے عملہ اور مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مار کر مذکورہ واپڈا آفیسر کو رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ جبکہ ایس ایچ او ایف آئی اے اجمل حسین نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ٹریول ایجنٹ اکبر علی سکنہ سمن آباد کو بھی گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔ مذکورہ ٹریول ایجنٹ نے شہری کو نیوزی لینڈ کے ورک ویزہ پر بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر 75لاکھ کی رقم وصول کی تھی اور بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔ جس پر ایف آئی اے نے مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں