بارانی گندم کے کاشتکارفصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ پانچ دنوں سے درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ مزید براں اگلے سات دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس لئے بارانی علاقہ جات میں گندم کے کاشتکارفصل کی ضرورت کے مطابق آبپاشی کے تمام ممکنہ وسائل و ذرائع بروئے کار لائیں۔ اس کے علاوہ یوریا یا پوٹاشیم نائٹریٹ (قلمی شورہ) کا 2فیصد محلول بحساب 100 تا 120 لٹرفی ایکڑ سپرے کریں۔ بہتر نتائج کیلئے یہی سپرے7 دن کے وقفے کے بعد دوبارہ کریں۔اس کے ساتھ بارانی گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور کنگی کے حملہ کی صورت میں صرف متاثرہ حصے پر مناسب پھپھوندی کش زہر کا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا ہے کہ آبپاش علاقہ جات میں گندم کے کاشتکارنہری پانی کی عدم دستیابی کی صورت میں ذرائع آبپاشی کا منصفانہ استعمال کریں۔معروضی حالات کے مطابق آبپاشی کا عمومی وقفہ خاص طور پر ریتلے رقبوں میں کم کر دیں۔آبپاشی کے وسائل کی عدم دستیابی کی صورت میں یوریا یا پوٹاشیم نائٹریٹ (قلمی شورہ) کا 2فیصد محلول بحساب 100 تا 120 لٹرفی ایکڑ سپرے کریں۔ بہتر نتائج کیلئے یہی سپرے 7دن کے وقفے کے بعد دوبارہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں