ننھی منی طالبہ کا اعزاز

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اخلاص انٹرنیشنل سکول کے شاہد کیمپس، کلیم شہید کالونی میں سالانہ تقسیم انعامات کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد تعلیمی سال کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابیوں کو سراہنا تھا۔تقریب میں سپرٹنڈنٹ پریس کلب عقیل احمد کی صاحبزادی میرال فاطمہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جماعت میں فرسٹ پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین بلکہ ادارے کا نام بھی روشن کیا۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے میرال فاطمہ کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ نے کہا کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی ہی کامیابی کی کنجی ہیں، اور میرال فاطمہ کی کامیابی دیگر طلبہ کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ مقررین نے والدین کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت میں گھر اور اسکول کا باہمی تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔آخر میں ادارے کی جانب سے تمام نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں