ایرانی صدر کے دورے سے پاک سعودیہ تعلقات متاثر نہیں ہونگے،رانا تنویر حسین

مریدکے( نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،اس دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے،سعودی عرب پر حملے کے بعد سعودی حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جبکہ قطر کا کردار بھی مثبت اور مثالی رہا، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے متوازن اور ذمہ دارانہ سفارت کاری پر عمل پیرا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین ان کے اہم ترین غیر ملکی دوروں میں سے ایک ثابت ہوا جس کے نتیجے میں چین کے ساتھ زراعت، تحقیق، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ زرعی مصنوعات کی تجارت اور برآمدات بڑھانے کیلئے بھی پیشرفت جاری ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روزگار، ہنر مندی اور بلاسود قرضوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، صنعتوں کے فروغ سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ حکومت آج بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے اور مثبت سیاست ہی تمام مسائل کا حل ہے، 9 مئی جیسے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں، ریاست اپنی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حالات سازگار رہے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی توقع ہے۔رانا تنویر حسین نے اپوزیشن کی مثبت زبان اور رویے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں