فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چنگ چی رکشوں نے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا دیں’ شہر کے مصروف ترین چوکوں اور شاہراہوں پر چنگ چی رکشوں نے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کر دیا’ اناڑی ڈرائیور خطرناک طریقے سے ڈرائیونگ کر کے ناصرف اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی جسمانی اور مالی نقصان پہنچاتے ہیں’ ان چنگ چی رکشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں’ عبدالرشید غازی چوک’ ریل بازار گمٹی چوک’ کارخانہ بازار چوک’ نڑوالا چوک’ جھنگ روڈ چوک’ جلوی مارکیٹ چوک’ لاری اڈہ چوک اور دیگر بڑے چوکوں میں چنگ چی رکشے کھڑے رہتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے’ یہ اناڑی ڈرائیور لوگوں کی قیمتی گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں’ اکثر ڈرائیوروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہوتا اور تیز رفتاری سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے خطرناک طریقے سے شاہراہوں پر بے ہنگم دھندناتے پھر رہے ہیں’ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا سے ان کمسن اور اناڑی ڈرائیوروں کو لگام ڈالنے کی اپیل کی ہے’ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینگ چی رکشوں کیلئے ایس او پیز بنائی جائیں اور جو ڈرائیور ان ایس او پیز کی خلاف ورزی کریں انہیں قانون کا دائرے میں لا کر سخت سزائیں دی جائیں تاکہ شہری سکون کے ساتھ سفر کر سکیں۔




