جڑانوالہ (نامہ نگار) بچیانہ پولیس نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 8سالہ معصوم بچی ایمان فاطمہ پر وحشیانہ تشدد کرنے والے سنگدل سوتیلے باپ کو چند ہی گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ واقعہ منظرِ عام پر آتے ہی بچیانہ پولیس نے سی پی او فیصل آباد کی خصوصی ہدایت اور ایس پی جڑانوالہ حافظ محمد امتیاز احمد کی سر براہی میں فوری ایکشن لیتے ہوئے ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزم کی روپوشی کی جگہ کا سراغ لگایا اور چھاپہ مار کر اسے حراست میں لے لیا۔ یاد رہے کہ ملزم نے معصوم ایمان فاطمہ کو آہنی راڈوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسے رسیوں سے جکڑ کر گھر میں تالا لگا دیا تھا اور خود فرار ہو گیا تھا۔ اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے بچیانہ پولیس کے اس فوری ایکشن اور ملزم کی جلد گرفتاری کو سراہتے ہوئے اسے مظلوم کو انصاف کی فراہمی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے تاکہ اسے عبرتناک سزا مل سکے۔




