187صنعتی یونٹ بیرون شہر منتقل کرنیکی سفارش

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری آبادیوں سے ماحول کو آلودہ کرنے والی صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ نے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی ہے جبکہ صنعتکاروں وتاجروں سے چارٹر آف ڈیمانڈ پرگفتگو جاری ہے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل/کنوینر کمیٹی آصف چوہدری نے مشاورت بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں صنعتوں کے سروے کے دوران آبی وفضائی آلودگی کا باعث بننے والی 187صنعتوں کی نشاندہی ہوئی جن کی میونسپل حدود سے منتقلی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی سفارش کی گئی۔کمشنر نے کہا کہ شہر سے باہر صنعتی زونز قائم کرنے کے لئے سرکاری اراضی کی دستیابی سے متعلق محکمہ مال سے رپورٹ بھی طلب کریں۔انہوں نے کہا کہ شہری ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے کے لئے صنعتوں کے انخلا کا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے جس کے لئے ٹھوس محکمانہ حکمت عملی کے ذریعے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس پراجیکٹ پر احسن انداز میں رضاکارانہ طور پر عملدرآمد ہو سکے۔دریں اثناء صنعتی زون فیڈمک میں حفاظتی اقدامات کو مزید چوکس کرنے کے حوالے سے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور آرپی او سہیل اختر سکھیرا کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، سی پی او بلال عمر،چیئرمین فیڈمک اظہر وقار،سی اوقر ة العین ودیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیڈمک کے داخلی راستہ پر حفاظتی امور کو مزید چوکس کرنے اورسکیورٹی پلان کی تیاری،غیر ضروری شاہراہ عام کو فی الفور بند اور سکیورٹی امور کو ہر لحاظ سے مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں