ڈیم کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل

کوئٹہ(نامہ نگار)بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ڈیم کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل ، محکمہ اینٹی کرپشن نے کروڑوں روپے کے غبن اور خردبرد پر محکمہ آبپاشی کے8 افیسران کیخلا ف مقدمہ درج کرلیا دو ایکسین ، ایک ایس ڈی او اور دو ٹھیکیداروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ ضلع لورالائی میں ڈیمز کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ لورالائی میں ایک ڈیم کی تعمیر کے منصوبے میں سنگین بے ضابطگیا ں کی گئیں ‘ منصوبے کے لیے ٹھیکیداروں کو پیشگی ادائیگیاں کی گئیں، تاہم عملی طور پر زمین پر کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا۔ سرکاری دستاویزات میں کام کی تکمیل ظاہر کی گئی جبکہ حقیقت میں منصوبہ نامکمل پایا گیا۔ مقدمہ درج ہونے پر محکمہ آبپاشی کے دو ایکسین جہاں زیب خان اور غلام مصطفی ، سب انجینئر احمد شاہ اور دو ٹھیکیداروں محمد اسلم اور نصیر احمد کو کروڑوں روپے کی مبینہ خردبرد اور غبن کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق دیگر ملوث تین افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں