پنجاب حکومت کا برآمدات اور درآمدات پرسیس ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے برآمدات اور درآمدات پر 0.90 فیصد سیس ٹیکس عائد کرنیکا فیصلہ کر لیا ہے۔یہ فیصلہ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ایکٹ 2026کے تحت کیا گیا ہے، جس کے لیے متعلقہ بل قائمہ کمیٹی کے حوا لے کر دیا گیا ہے۔نئے قوانین کے تحت پنجاب کی پیداوار، تیار شدہ اور استعمال ہونے والی اشیا پر بھی 0.90فیصد سیس عائد ہو گا، جبکہ درآمد شدہ اور برآمد شدہ سامان یا پنجاب کی حدود سے گزرنے والی اشیا بھی اس کے دائرے میں شامل ہوں گی۔ درآمد شدہ سامان کی ترسیل اور رجسٹرڈ کاروباری پتے کی بنیاد پر سامان کو درآمد تصور کیا جائے گا۔سیس کی نگرانی کے لیے متعلقہ اتھارٹی سیس افسران تعینات کرے گی، جو کسی بھی اشیا کی تصدیق اور نگرانی کے مجاز ہوں گے۔ ضرورت پڑنے پر وہ کسٹم اور دیگر اداروں کی مدد بھی حاصل کر سکیں گے اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکوں کی اجازت دی جائے گی۔پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بل پر دو ماہ کے اندر سفارشات دے کر منظوری دے گی، جس کے بعد بل ایوان سے منظور ہو کر حتمی طور پر گورنر پنجاب کی توثیق کے بعد قانون کا حصہ بن جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں