فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،کیمیکل ملا دودھ تیار کرنیوالا یونٹ پکڑا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نواحی گائوں میں کامیاب چھاپہ مار کر کیمیکل ملا دودھ تیار کرنیوالے یونٹ کو پکڑ لیا’ بھاری مقدار میں مضرصحت کیمیکل ملا دودھ وسامان قبضہ میں لیکر تلف کر دیا اور یونٹ مالک عدنان کو گرفتار کر کے حوالہ پولیس کر دیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر ضیغم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نواحی گائوں 432 گ ب میں چھاپہ مارا تو وہاں پر کیمیکل سے مضرصحت دودھ تیار کیا جا رہا تھا جس پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے یونٹ مالک عدنان کو حراست میں لیکر بھاری مقدار میں کیمیکل ملا مضرصحت دودھ قبضہ میں لیکر تلف کر دیا اور وہاں پر موجود سامان کو قبضہ میں لیکر یونٹ کو سیل کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر کا کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز انسدادی کارروائیاں جاری رہینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں