کمالیہ کے مختلف پٹرول پمپس پر تیل کی فراہمی بند،شہریوں کو مشکلات

کمالیہ(نامہ نگار)شہر اور گرد و نواح میں مختلف پیٹرول پمپس پر تیل کی فراہمی بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہری تیل کی تلاش میں ایک پمپ سے دوسرے پمپ کے چکر لگانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے متعدد پیٹرول پمپس پر اچانک پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ کئی پمپس پر تیل دستیاب نہیں کے بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ بعض مقامات پر محدود مقدار میں تیل فروخت کیا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی پمپس پر جا چکے ہیں لیکن بیشتر مقامات پر تیل دستیاب نہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔دوسری جانب پمپ مالکان کا موقف ہے کہ آئل کمپنی کی جانب سے تیل کی سپلائی روک دی گئی ہے جس کی وجہ سے پمپس پر تیل ختم ہو گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کمپنی کی طرف سے سپلائی بحال ہو گی تو پمپس پر بھی تیل دستیاب ہو جائے گا۔شہریوں نے حکام بالا سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور تیل کی فراہمی بحال کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں