انوشہ رحمان اور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس

لاہور (بیوروچیف)سینئر ایڈ وائزر،سینٹر انوشہ رحمان اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں ایم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے اکنامک زون میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران نواز شریف آئی ٹی سٹی فیصل آباد میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر،ٹیکنالوجی زون اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینئر ایڈوائزر انوشہ رحمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے اس لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کے نزدیک نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور فیڈمک مل کر کام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کو ایک جدید اور مکمل ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ نئی اختراعات کو فروغ دے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو متوجہ کرے گا یہ منصوبہ پنجاب کی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنائے گا انہوں نے کہا کہ یہ ایک عمارت اور انفراسٹرکچر کا منصوبہ نہیں بلکہ پائدار ترقی کا پلیٹ فارم ہے اور یہ منصوبہ پنجاب کے عوام کو روزگار کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دنیا سے ہم آہنگ کرے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ ہے اور فیڈمک کے زیر اہتمام 3 سپیشل اکنامک زونز 8 ہزار ایکڑ پر محیط ہیں ـان اکنامک زونز میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور ان سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے نزدیک آئی ٹی سٹی کے قیام سے انڈسٹری کی ڈیجٹائزیشن میں مدد ملے گی۔ فیڈمک کے سپیشل اکنامک زونز کے ساتھ آئی ٹی سٹی کے قیام کیلئے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ظہیر حسن اور سی بی ڈی کے حکام نے شرکت کی جبکہ فیڈمک کی سی ای او قرات العین اور جی ایم ٹیکنیکل کرنل عادل ملک اور دیگر وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں