ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کو موٹروے نیٹ ورک سے جوڑنے کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) صوبہ پنجاب کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو موٹروے سے لنک کرنے کے منصوبے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری، چیف انجینئرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس منصوبے کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے افسران کو ہدایت کی کہ ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں سے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو موٹروے کے ساتھ بآسانی منسلک کیا جا سکے تاکہ شہری کم سے کم وقت میں موٹروے تک رسائی حاصل کر سکیں۔اس منصوبے میں لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، ساہیوال، راولپنڈی اور بہاولپور کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو موٹروے نیٹ ورک سے جوڑنے کی تجویز زیر غور آئی۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ بہاولنگر اور راجن پور کے اضلاع کو بھی موٹروے سے لنک کرنے کے امکانات پر تفصیلی ورکنگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کرتے وقت اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ شہری جلد از جلد موٹروے تک پہنچ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں