ٹیکسٹائل سیکٹر کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ترمیمی بل پر شدید تحفظات

لاہور (بیورو چیف)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے برآمدی ایسوسی ایشنز کے شدید تحفظات کے باوجود پنجاب انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس (ترمیمی)بل کی منظوری دیدی جبکہ کمیٹی نے پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز (ترمیمی) بل کی منظوری کی بھی سفارش کر دی ۔قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین محسن ایوب خان کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین رفعت عباسی، تنویر اسلم ملک، فلک شیر اعوان، فیصل اکرم، ، رانا محمد ارشد،راجہ شوکت بھٹی ،انتظامی محکمہ کے نمائندگان، محکمہ قانون کے حکام اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز (ترمیمی)بل2026ء کی منظوری کی سفارش کر دی ۔ اس بل کا مقصد اتھارٹی کو اپنی طریق کار سے متعلق ذمہ داریوں کو زیادہ موثر انداز میں انجام دینے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ کمیٹی نے پنجاب انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس (ترمیمی)2026بھی منظور کر لیا ۔اس مسودہ قانون کا مقصد انفراسٹرکچر سے متعلق ٹیکس کے نظام کو مضبوط بنانا، ایف بی آر کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے ٹیکس کے حوالے سے وضاحت فراہم کرنا اور دیگر صوبوں میں پہلے سے نافذ طریق کار کی طرز پر ایک نئے انفراسٹرکچر سیس کی وصولی کو ممکن بنانا ہے۔تفصیلی بحث و مباحثہ اور غور و خوض کے بعد کمیٹی نے دونوں بلوں کی متفقہ طور پر سفارش کر دی۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے پنجاب انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس (ترمیمی)2026بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب کو خط بھی ارسال کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں