واپڈا افسران و ملازمین کو عید پر بونس دینے کی منظوری

لاہور (بیوروچیف) واپڈانے عیدالفطر کے موقع پر اپنے افسران اور ملازمین کو بونس دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایک بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مستقل، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے افسران و ملازمین کو بونس کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔ تاہم ایسے ملازمین جو بے ضابطگیوں میں ملوث ہوں یا جن کے خلاف محکمانہ انکوائریاں جاری ہوں انہیں بونس نہیں دیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی ملازم کے خلاف جاری انکوائری میں وہ بے گناہ ثابت ہو جائے تو اسے بونس کی ادائیگی کر دی جائے گی۔اس کے علاوہ نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ افسران اور ملازمین جو ڈیپوٹیشن پر بیرون ملک تعینات ہیں، انہیں بھی عیدالفطر بونس کی سہولت نہیں دی جائے گی۔واپڈا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عیدالفطر کے موقع پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی خدمات کو سراہنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں