اسلام آباد پولیس کے مارکیٹس ،تجارتی مراکز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات

اسلام آباد (بیورو چیف)اسلام آباد پولیس کی جانب سے عید خریداری کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹس اور تجارتی مراکز میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کر دیئے گئے ،شہریوں کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ایک ہزار سے زائد افسران اور جوان مختلف بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں تعینات کر کئے گئے ہیں۔ ترجما ن کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ عید شاپنگ کے دوران شہریوں کے تحفظ کیلئے بازاروں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ پیدل گشت اور ڈولفن فورس کی پٹرولنگ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے مختلف مارکیٹس میں لیڈیز پولیس افسران بھی تعینات کی گئی ہیں۔ اسی طرح ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے افسران اہم شاہرائوں اور بڑی مارکیٹس میں موجود رہیں گے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی آئی جی کے مطابق سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مارکیٹس اور تجارتی مراکز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ تمام سینئر پولیس افسران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔محمد جواد طارق نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مارکیٹس میں موجود پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس عید شاپنگ کے دوران شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں