خواتین کے حقوق کا تحفظ ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پنجاب اور وفاقی حکومت 100 فیصد مخلص ہے’ خواتین کے حقوق کا تحفظ ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے’ خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے کام کرنے والے خراج تحسین کے مستحق ہیں’ ان خیالات کا اظہار ریجنل پولیس آفیسرسہیل اختر سکھیرا نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہنرمندپروگرام کے تحت ڈیوکیسل ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے کیا’ تقریب میں سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام’ میاں ساجد حسین انجم’ میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ’ صدر ڈسٹرکٹ بارمیاں طارق محمود ایڈووکیٹ’ چوہدری احمد ذیشان ایڈووکیٹ’ میاں ضیاء الحق ساجد ایڈووکیٹ’ سابق چیئرمین میاں کاشف پاشا’ خواجہ شاہد حمید’ میاں فہیم الحق’ فیصل آباد پریس کلب کے سینئر نائب صدر میاں کاشف محمود’ نائب صدر چوہدری زاہد محمود ڈوگر’ ASP آغا فصیح’ رضوان بھٹی’ میاں اخلاق کے علاوہ ووکیشنل انسٹیٹوٹ میں زیر تعلیم طالبات اور اساتذہ کرام نے شرکت کی’ اس موقع پر RPO نے ووکیشنل انسٹیٹوٹ کے مختلف شعبے دیکھے اور اساتذہ کے کام کو سراہا’ RPO سہیل احمد سکھیرا نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کو ملک کی پائیدار ترقی اور قومی خوشحالی کی ضمانت قرار دیتے ہوئے’ انہوں نے کہا کہ قوم کی مجموعی ترقی و خوشحالی کو خواتین کے لیے یکساں مواقع اور بامعنی شمولیت ہی یقینی بناتی ہے’ خواتین نہ صرف خاندان بلکہ، معاشرہ اور قوم کی مثبت اقدار پر مبنی بنیاد میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، تعلیم سے لے کر کھیل تک، گھروں سے لیکر حکومت تک، پاکستانی خواتین کی استقامت اور کامیابیاں ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی تعمیر میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہیں۔ خواتین نے آنے والی نسلوں کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں’ انہوں نے طالبات سے کہا کہ آپ نے کبھی بھی پریشان نہیں ہونا ہم آپ کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار بیٹھے ہیں’ کوئی شخص آپ کو ہراساں کرنے کی کوشش کرے تو میرے دروازے آپ کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں’ ہرمشکل وقت ڈٹ کا مقابلہ کرنا ہے’ اس موقع پر سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام نے کہا کہ پنجاب حکومت کا عزم پختہ ہے کہ ایسا ماحول یقینی بنایا جائے جہاں خواتین کسی بلا امتیاز و خوف اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں’ اگر کوئی آپ کو ہراساں کرتا ہے تو میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات اٹھا رہی ہیں’ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے صدر میاں میاں طارق محمود ایڈووکیٹ’ ممبرپنجاب بار کونسل میاں مہران طاہر ایڈووکیٹ اور چوہدری ذیشان ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملکی تعمیروترقی میں خواتین کا کردار مسلمہ ہے’ مظلوم خواتین کو انصاف دلانے کیلئے خواتین وکلاء اپنا کردار ادا کر رہی ہیں’ قانونی مدد کیلئے فیصل آباد بار آپ کے ساتھ کھڑا ہے’ آخر میں میزبان سابق ناظم میاں ساجد حسین انجم’ میاں ضیاء الحق ساجد ایڈووکیٹ’ سابق چیئرمین میاں کاشف پاشا’ میاں فہیم الحق ساجد نے کہا کہ ڈیوکیسل ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ خواتین کو ہنرمند بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے’ انھوںنے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا تقریبا50 فیصد ہیں۔ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ یا قوم ترقی نہیں کرسکتی’ پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیت اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے اور آج خواتین عملی میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آتی ہیں’ ہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق خواتین کیلئے آسانیاں فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں