نوجوان گریجویٹس کیلئے خوشخبری ،حکومت نے آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کردیا

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے 30ہزار آئی ٹی گریجویٹس کے لیے خصوصی انٹرنشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ حکام کے مطابق انٹرنشپ پروگرام پانچ سالہ ہوگا اور اس کے لیے 30ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ منتخب طلبہ کو چار ماہ تک ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ نجی آئی ٹی کمپنیو ں کو ہر امیدوار کے لیے 12ہزار 500روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پروگرام کی نگرانی کرے گا اور امیدواروں کی بھرتی و آن بورڈنگ کے لیے ایک مرکزی انٹرنشپ پورٹل بنایا جائے گا۔ اس کے ذریعے انٹرنز کی کارکردگی اور پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ پروگرام میں انٹرنز کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ آئی ٹی سرٹیفکیشنز بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت میں اضافہ ہوگا۔ علاوہ ازیں، ٹیکنالوجی ایکسپوز اور انوویشن فیسٹیولز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ نوجوان تخلیقی آئیڈیاز پیش کریں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تجربہ حاصل کریں۔یہ پروگرام پنجاب کے نوجوان آئی ٹی گریجویٹس کے لیے ایک اہم موقع ہے جو انہیں نہ صرف تربیت فراہم کرے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں