شہر کے وسط میںMCFکی5پراپرٹیز پر پارکنگ پلازے سمیت کمرشل عمارتیں تعمیر کرنیکی منظوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر کے وسط میں میونسپل کارپوریشن کی5پراپرٹیز پر پارکنگ پلاز ے سمیت کمرشل عمارات تعمیر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔کمشنر فیصل آباد/ایڈمنسٹریٹر راجہ جہانگیر انور نے یہ منظوری اجلاس کے دوران دی جس میں پانچ مقامات پر ملٹی سٹوری بلڈنگز کی تعمیر کے ساتھ بیسمنٹ (تہہ خانہ) میں موٹر سائیکل پارکنگ کی وسیع گنجائش رکھی جائے گی۔کمشنر نے بتایا کہ امین پور بازار،امام بارگاہ روڈ نزد ڈگلس پورہ میں 3،الگ مقامات اور بیرون کارخانہ بازار کی قیمتی اراضی پرپلازوں میں 250سے زائد کمرشل دکانیں اور پارکنگ پلازے بننے سے ایک ہزار سے زائد موٹر بائیکس اورتقریبا250 کاروں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی اورآٹھ بازاروں سمیت ملحقہ علاقوں کے شہریوں کے پارکنگ سے متعلقہ دیرینہ مسائل حل ہونگے۔کمشنر نے مزید بتایا کہ پلازوں میں دکانیں و دفاتر کرایہ پر دیئے جائیں گے جس کے لئے ہوم ورک بھی مکمل کیا جارہا ہے۔کمشنر نے سائٹس پر تعمیرکیلئے پی سی ون فوری تیار کرنے کی بھی تاکید کی۔ ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مرتضی ملک،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان،میونسپل آفیسرز عظمت فردوس،شیریں نیوٹن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ٹراما سنٹرسمندری،موچی بازار چک جھمرہ کی مرمت وبحالی اور بیوٹیفیکیشن،مسنگ فسلیٹیز کی فراہمی کے پروگرام کے تحت ڈویژن کے مختلف کالجز میں فرنیچر کی فراہمی،تحصیل لالیاں میں انفورسمنٹ سٹیشن پیرا کے قیام،رسالے والا روڈ سے ڈجکوٹ ڈرین تک مرمت وبحالی اور موضع ساہمل بھوآنہ ضلع چنیوٹ میں دریائے چناب کے کنارے کٹا کو ختم کرنے کی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لئے تجویز کردہ سکیموں پربھی بریفنگ دی گئی۔کمشنر نے کہا کہ شدید عوامی ضرورت کی سکیموں کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرایا جائے گا تاکہ شہری ان سے بھرپور انداز میں مستفید ہوسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں