مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررکھی ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یوم استحصال کشمیرکے موقع پرضلع فیصل آباد میں کشمیریوں کے حق میں بڑی ریلی نکالی اورکشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن آفس سے ریلی کا آغاز ہوا جو چناب کلب چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹرعمران حامد شیخ نے احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔آرپی او سہیل اختر سکھیرا،ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق،سی پی او تنویر حسین،ارکان اسمبلی بلال بدر چوہدری،میاں طاہر جمیل، خان بہادر ڈوگر،قدسیہ بتول،عظمی جبیں راجہ،مسلم لیگی رہنما حاجی اکرم انصاری،شیخ اعجاز احمد،فقیر حسین ڈوگر،رانا عمر اسرار ودیگر کے علاوہ افسران،علما کرام، طالب علم اور سول سوسائٹی کے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔شرکا نے پاکستان اور آزادجموں کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔قبل ازیں میونسپل کارپوریشن میں سیمینار کے آغاز پر پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے قومی ترانے بجائے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔طالب علموں نے ملی نغمے پیش کئے۔کمشنر فیصل آباد نے اپنے خطاب کے آغازمیں شعر ”خونِ دل، خونِ جگر،خونِ وفا، خونِ نظر۔۔۔سرخیاں دیکھی ہیں تو نے میرے افسانے کی”پڑھا اور کہا کہ یہ ہے کشمیر کی داستان۔انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کی ڈیڑھ کروڑ عوام کی جانب سے اہلیان کشمیر کو پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ ”خون جگر سے نکھاریں گے رخ برگ گلاب۔۔۔ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے”۔ دیگر مقررین نے کہا کہ آج کے دن بھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کر رکھاہے۔کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم پربے حسی عالمی برادری کے خلاف چارج شیٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی کشمیریوں کا عزم اور حوصلہ برقرار ہے۔کشمیری عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا۔بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں