اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے 2ایڈہاک الاونسز منجمد کر دیے ،نئے اور پرانے ملازمین کیلئے 2023ء اور2024ء والے ایڈہاک ریلیف الائونسز کی شرح مقرر کردی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاونس کی شرح مزید بڑھنے کے بجائے اسی سطح پر فریز رہیں گی، ایڈ ہاک ریلیف الاونس2023ء پہلے ہی 30جون 2023ء کی سطح پر منجمد ہے، نئے ملازمین کو بھی الاونس بنیادی اسکیل 2022کے مطابق ملے گا۔وزارت خزانہ کے مطابق خصوصی تنخواہیں اور متعلقہ الاونسز بھی 30جون 2026 کی سطح پرمنجمد رہیں گے، گریڈ 1سے16تک کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 35 فیصد الاونس دیا جائے گا۔گریڈ 17سے22کے ملازمین کو 30فیصد ایڈہاک ریلیف الاونس دیا جائے گا یہ ایڈہاک ریلیف الاونس آئندہ احکامات تک اسی شرح پر منجمد رہے گا۔آفس میمورنڈم کے مطابق سرکاری ملازمین کو ایڈہاک ریلیف الاونس 2024ء بھی بنیادی پے سکیل 2022کی بنیاد پر ملے گا، گریڈ 1سے 16کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 25فیصد دیا جائے گا۔گریڈ 17سے 22کے ملازمین کو 20فیصد تک الاونس دیا جائے گا، یہ الائونس بھی 30جون 2026ء کی سطح پر منجمد رہے گا۔ یکم جولائی 2026ء سے بھرتی ملازمین کا الائونس 2024کے بنیادی پے اسکیل کے مطابق ہوگا۔




