اندھے قتل کا سراغ مل گیا،قاتل باپ بیٹا گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ترکھانی پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، دیہاتی کے قاتل باپ بیٹا کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی’ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کی ایک ماہ قبل اندھے قتل کے ملزمان کو ٹریس کرنے پر ایس ایچ او تھانہ ترکھانی عمران جاوید اور اسکی ٹیم کو شاباش۔ تفصیل کے مطابق ترکھانی کے علاقہ 225 گ ب کے رہائشی رضوان علی نے بتایا کہ 18 فروری 2026ء کو اس کا والد محمد رمضان محنت مزدوری کی غرض سے سمندری شہر گیا، واپس نہ آیا۔ رشتہ داروں اور دیگر مقامات پر تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ ملا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ ترکھانی عمران جاوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شک ہونے پر محمد رفیق اور اس کے بیٹے سعد کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو ملزم رفیق نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے رمضان کو انجکشن لگایا، جسکی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی تو قتل کو چھپانے کیلئے بیٹے سعد سے ملکر رمضان کی نعش نہر میں پھینک دی تھی تاہم پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر نعش برآمد کر کے باپ بیٹا کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے ایس ایچ او ترکھانی اور اسکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں