چوہدری شافع حسین کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات

لاہور (بیورو چیف)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایرانی قونصلیٹ میں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کی امریکی حملے میں شہادت پر قونصل جنرل سے اظہار تعزیت کیا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنائی عظیم لیڈر تھے جن کی شہادت پر دلی دکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے باعث خطے کو مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ایران پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان کی سپورٹ ایران کے ساتھ ہے محب وطن ایرانیوں نے امریکہ اور اسرائیل کے منصوبے خاک میں ملا دیے ہیں۔یہودی کبھی نہیں چاہتے کہ امت مسلمہ متحد ہو۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو بھی دہشت گردی کا سامنا ہے ہماری بہادر مسلح افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں امن کے دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔پاکستان کی بہادر افواج نے انٹلیجنس کی بنیاد پر افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں کی ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی سپورٹ اور کاوشوں پر شکر گزار ہیں پاکستان کی لیڈر شپ اور حکام کی دانشمندی پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین ہماری دلجوئی اور تسلی۔ کیلئے تشریف لائے،ان کے مشکور ہیں۔خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے ذمے دار امریکہ اور اسرائیل ہیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہماری اصولی سیاست ہے کشیدگی کے خاتمے کے بعد بحرین،قطر،اردن،سعودی عرب اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کا دوبارا احیاء ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم متحد ہے،انشااللہ حملہ آوروں کو شکست ہوگی۔ ایم پی اے سلمی سعید،ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں