اسرائیل کی سفاکیت،لبنان میں ہسپتال پر بمباری ،12ڈاکٹرز ،نرسیں جاں بحق

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے لبنان پر ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ فضائی حملہ جنوبی قصبے برج قلعویہ میں واقع ایک کلینک پر کیا گیا جہاں طبی عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں کلینک مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں ڈاکٹرز، نرسیں اور ایمبولینس سروس کے اہلکار شامل ہیں۔حملے میں کم از کم 12افراد جاں بحق ہوئے جبکہ10سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے3کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں مزید حملے بھی کیے جن میں رہائشی عمارتوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حملوں کے ساتھ ہی اسرائیل نے جنوبی لبنان میں انخلا کے عمل کو بھی تیز تر کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں