تیزاب مل روڈ اور بابر چوک کی نئی بچھائی جانیوالی پائپ لائنز 2یوم میں مکمل کی جائیں،ایم ڈی واسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے تیزاب مل روڈ اور بابر چوک کی نئی بچھائی جانیوالی پائپ لائنوں کو 2دن کے اندر مکمل کرنیکی ہدایت کی ہے تاکہ ملحقہ علاقوں کے ہزاروں افراد کو سیوریج آپریشنز میں ریلیف حاصل ہو سکے۔ ایم ڈی واسا نے آفیسرز کالونی حق باہو روڈ کا دورہ کیا۔ڈائریکٹر آپریشنز ایسٹ نعمان نور، نیسپاک کے نمائندے اور و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ نیسپاک کی جانب سے ایم ڈی واسا کو نئی بچھائی جانیوالی پائپ لائنز بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ آفیسرز کالونی حق باہو روڈ پر بچھائی جانیوالی پائپ لائن کو دو دن کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ اس لائن کے مین ہولز اور روڈ کی لیولنگ پر خصوصی توجہ کی جائے۔ اسی طرح بابر چوک سے ڈسپوزل اسٹیشن تک کی بچھائی جانیوالی لائن بھی اگلے دو دنوں میں مکمل ہونی چاہئے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ یہ دونوں پائپ لائنوں کے کنکشن لنک ہونے سے آفیسرز کالونی نمبر 2، حق باہو روڈ، یحییٰ ٹائون، اسلم گنج، اضافی آبادی یوسف آباد سمیت دیگر ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو سیوریج آپریشنز میں نمایاں ریلیف حاصل ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی غفلت یا لاپروائی قابل قبول نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں