شہریوں کو سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی کیلئے منصوبے شروع کئے جائیں

کمالیہ(نامہ نگار)ٹی ایچ کیو ہسپتال سے جھونے شاہ روڈ تک اور وہاں سے چک نمبر 713 گ ب کی جانب جانیوالی لنک روڈ کے ساتھ گندے نالے کے قریب کچرا ڈالنے کے لیے گہرے گڑھے کھودنے کے بجائے شجرکاری کی جائے تاکہ علاقے کا ماحول صاف، سرسبز اور خوشگوار بنایا جا سکے ۔مقامی آبادی کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے اقدامات قابلِ ستائش ہیں، تاہم گندے نالے کے کنار ے کچرا جمع کرنے کے لیے گڑھے بنانے سے نہ صرف بدبو اور آلودگی میں اضافہ ہوگا بلکہ اردگرد رہنے والے لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ان جگہوں پر درخت لگائے جائیں تو اس سے ماحول بہتر ہوگا، فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور علاقہ خوبصورت بھی نظر آئے گا۔علاقہ مکینوں نے مزید تجویز دی کہ ریلوے اسٹیشن سے واہگی روڈ تک سڑک کے دونوں اطراف بھی شجرکاری کی جائے ۔ مقامی بزرگوں کے مطابق ماضی میں اس سڑک کے کناروں پر گھنے اور خوبصورت درخت موجود تھے جو نہ صرف سایہ فراہم کرتے تھے بلکہ پورے علاقے کے حسن میں اضافہ کرتے تھے ۔ مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ درخت ختم ہو گئے اور اب یہ سڑک ویران اور سنسان دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور ستھرا پنجاب مہم کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں ۔اور کچرا پھینکنے کے گڑھوں کے بجائے شجرکاری کا منصوبہ شروع کریں تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں