پارک کی بحالی کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ٹیکو پارک کا دورہ کیا جہاں پارک کی بحالی کے جاری کاموں کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی کے افسران نے پارک کی بحالی کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پارک کی بحالی کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس اسٹیڈیم میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جدید انڈر گراونڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کے نشیبی علاقوں کا بارشی پانی جدید ڈرینج سسٹم کے ذریعے اس ٹینک میں منتقل کیا جائے گا جس سے واٹر ٹیبل بہتر ہوگا اور اربن فلڈنگ کے خطرات میں کمی آئیگی۔ڈپٹی کمشنر نے مصطفی آباد پارک میں جاری بحالی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا جہاں چاردیواری کی تعمیر اور دیگر سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے۔گنج شکر پارک کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں