مبینہ پولیس مقابلہ،آئس ڈیلر زخمی حالت میں گرفتار ‘2ساتھی فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ ستارہ گولڈ چھوٹی نہر کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں آئس ڈیلر زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس ذرائع کے مطابق اے ایس آئی طاہر چشتی نے عملہ کے ہمراہ ڈھڈی والا چھوٹی نہر کے قریب ناکہ پر موٹرسائیکل سوار تین مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور مچھلی فارم کی طرف فرار ہوئے تو پولیس پارٹی نے ریسکیو15 پر کال کرتے ہوئے تعاقب کیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر محمد علی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ان کا چھوٹی نہر ستارہ گولڈ کے قریب آمنا سامنا ہو گیا۔ مذکورہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں گھس گئے، پولیس کی طرف سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس کو قابو کیا تو اس نے اپنا نام ارسلان ولد محمد علی سکنہ 214 رب ڈھڈی والا بتایا اور اس کی تلاشی لینے پر 1400 گرام آئس’ نقدی اور تین موبائل فونز برآمد ہوئے، قریب پڑا ہوا پسٹل بھی قبضہ میں لے لیا۔ جوکہ ریکارڈ یافتہ اور بدنام منشیات فروش اور پولیس کو 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے مضروب کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں