لائل پور بزنس سکول اور بزنس انکوبیشن کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے،صدرFCCIفاروق یوسف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے لائل پور بزنس سکول اور بزنس انکوبیشن سنٹر (BIC) کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ اس مادر علمی سے فارغ التحصیل ہونیوالے طلبہ کو دنیا کے بڑے کاروباری اداروں کیساتھ ساتھ فیصل آباد کے اس مردم خیز خطے کی ہونہار کاروباری شخصیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے جنہوں نے اپنے علم ، بصیرت ، دوراندیشی ، حکمت اور معاملہ فہمی سے چھوٹے کاروبار شروع کر کے اپنی صنعتی ایمپائرز تعمیر کیں۔ وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے لائل پور بزنس سکول اور بزنس انکوبیشن سنٹر کے ایک چار رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے انہیں باہمی تعاون بڑھانے کیلئے صدر چیمبر کو بزنس سکول کے دورے کی باضابطہ طور پر دعوت بھی دی۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد نے کتابی علم اور تحقیق اسی وقت سود مند ہو سکتی ہے جب اِس کو عملی طور پر استعمال میں لایا جائے۔ اس لئے باہمی رابطوں سے ایسی ٹیکنالوجی کو ڈویلپ کرنا ہوگا جس سے صنعتوں اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فیصل آباد کے نامور کاروباری افراد کو لائل پور سکول آف بزنس بھیجا جائے گا تاکہ وہ اپنے عملی تجربے سے طلبہ کو آگاہ کر سکیں اور اس کو سلیبس کا حصہ بھی بنایا جا سکے تاکہ آئندہ آنے والے مقامی اور عالمی سطح کے طلبہ اُن سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے بزنس انکوبیشن سنٹر کے مقاصد کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ بہت جلد اپنی ٹیم کے ہمراہ سنٹر کا دورہ کریں گے تاکہ صنعتکاروں کو اپنی مرضی کے مطابق قابل عمل اور منافع بخش منصوبے حاصل کرنے کا موقع مل سکے ۔لائل پور بزنس سکول اور بزنس انکوبیشن سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محسن بشیر نے صدر فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کو بتایا کہ اس وقت تقریباً 1500طلبہ لائل پور سکول آف بزنس اور بزنس انکوبیشن سنٹر میں زیر تعلیم ہیں۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز او ر شعبوں کے طلبہ نے 400سے زائد قابل عمل منصوبے پیش کئے جن کی چھان بین کے بعد اِن میں سے انتہائی مفید اور متعلقہ منصوبوں کا انتخاب کر کے طلبہ کو اس پر کام شروع کرایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ منصوبے عملی شکل اختیار کر لیتے ہیں تو پھر صنعتکاروں کو انکوبیشن سنٹر کا دورہ کر کے اُن میں سے اپنے لئے مفید منصوبوں کا انتخاب کر کے اُن کے بقیہ اخراجات برداشت کرنے چاہئیں جن کو بعد میں وہ عملی شکل بھی دے سکتے ہیں۔ڈائریکٹر BICکا کہنا تھا کہ ہم اپنے طلبہ کو بیرون ملک کے کامیاب کاروباری افراد کی ہسٹری پڑھانے کی بجائے اپنے ملکی کاروباری ICONکی کیس ہسٹری پڑھانا چاہتے ہیں اور ان افراد کے پروفائل کو سلیبس کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر بزنس انکوبیشن سنٹر کے پروفیسر ڈاکٹر شرجیل سلیم ، ڈاکٹر رضوان بشیر اور ڈاکٹر فاروق ریحان بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں