گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول کے طلباء میں فائرنگ کا معاملہ،والدین پریشان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے معروف تعلیمی ادارے گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول میں پیش آنیوالے ایک چونکا دینے والے واقعے نے شہر بھر کے والدین اور تعلیمی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ میٹرک کے طلبا کے درمیان معمولی جھگڑا اچانک سنگین صورت اختیار کر گیا جب بعض طلبا اسلحہ لے آئے اور مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کر دی، جس سے سکول میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔۔ شہریوں نے فوری طور پر 15 پر کال کی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران سکول انتظامیہ کی جانب سے معاملے کو دبانے کی کوشش بھی کی گئی۔دوسری جانب سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد کا موقف ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ سکول کی دیوار کے باہر ہوئی، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث نوجوان سکول کے ہی طلبا تھے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل حقیقت جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ امر بھی قابل تشویش ہے کہ یہ بڑا تعلیمی ادارہ سی ای او ایجوکیشن آفس فیصل آباد کے بالکل قریب واقع ہے۔ ماضی میں اسی سکول سے بڑے انجینئرز اور ڈاکٹرز نے تعلیم حاصل کی، مگر آج اسی ادارے میں اسلحہ اور فائرنگ جیسے واقعات نے تعلیمی ماحول پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔والدین اور شہری حلقوں نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تعلیمی اداروں میں اسلحہ لے کر آنے اور فائرنگ جیسے واقعات کو نہ روکا گیا تو بچوں کا مستقبل شدید خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں