عید الفطر پر ریسکیو1122کا ایمرجنسی پلان ترتیب

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو بروقت اور موثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریسکیو کی جانب سے خصوصی ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ کی ہدایات پر تمام ریسکیو اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی کا پابند کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع بھر میں اہم مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔عید الفطر کے ایام کے دوران 700سے زائد ریسکیو اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے عید کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد، عیدگاہوں، تفریحی مقامات اور اہم شاہراہوں پر ریسکیو پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ان ریسکیو پوسٹوں کے ساتھ ایمرجنسی وہیکلز، ایمبولینسز اور موٹر بائیک ایمبولینس سروسز کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو فوری اور بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ریسکیو اہلکار عید کے ایام میں چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے عوام کی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے سختی سے روکیں اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی احتیاط کسی بھی بڑے حادثے سے بچا سکتی ہے، لہذا ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ عید کی خوشیاں کسی سانحہ میں تبدیل نہ ہوں۔ ریسکیو ہمیشہ کی طرح عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں