گورنر ہاؤس پشاور میں محکمانہ بریفنگ

پشاور/اسلام آباد (بیوروچیف)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ریجنل ٹیکس آفس پشاور کی جانب سے گورنر ہاؤس پشاور میں محکمانہ بریفنگ دی گئی، چیف کمشنر آر ٹی او پشاور محمد تقی قریشی نے گورنرخیبرپختونخوا کو صوبہ میں زونل آفسز کی کارکردگی، ٹیکسز کے مجموعی حصول اور ٹارگٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔پرنسپل سیکرٹری گورنر زبیر ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ میں گورنر کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیکس پئیر زون، کارپوریٹ زون، وڈ ہولڈنگ زون، مردان،پشاور، ڈی آئی خان اور ری فنڈ زون پر مشتمل ٹیکسز کی حصولی کیلئے 7 زونز ہیں، مالی سال 2024ـ25 میں خیبرپختونخوا سے ٹیکسز کی مد میں آمدن 247 بلین کے قریب تھی، رواں مالی سال 2025ـ26 میں سیلز ٹیکس میں 27 فیصد اور انکم ٹیکس میں 9 فیصد گروتھ جا رہی ہے، گورنر کو بتایاگیا کہ رواں سال ٹیکسز کی مد میں مجموعی طور پر 16 فیصد کی گروتھ میں جا رہے ہیں اور 19 فیصد کا آئی ایم ایف کا ٹارگٹ رواں مالی سال کے اختتام تک یہ صوبہ حاصل کر لے گا، سیکشن 40ـD کے تحت سابق فاٹا پاٹا میں مقامی سطح پر پراڈکٹ کی تیاری اور اس پراڈکٹ کی مقامی و غیرمقامی سطح پر سپلائی پر سیلز ٹیکس کا حصول لاگو ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے آر ٹی او آفس پشاور کی آئی ایم ایف ٹارگٹ کے مطابق صوبہ میں ٹیکسز گروتھ بڑھانے کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا ٹیکس کلیکشن کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنایا جائے۔ ٹیکس نظام کی بہتری اور ریونیو بڑھانے کے اقدامات صوبے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں، گورنر خیبر پختونخوا نے ٹیکس ریکوری کی کارکردگی بڑھانے، ڈیجیٹل ٹیکس فائلنگ کو عام کرنے اور کاروباری برادری کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں