ڈویژنل انتظامیہ کا شہر میں غیر آباد10بڑے پارکوں کو سپورٹس گراؤنڈ بنانے کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن،نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی مشن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ نے شہر کے غیر آباد10بڑے پارکوں کو سپورٹس گرائونڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔سپورٹس گرائونڈز میں واکنگ ٹریک،اوپن جم سمیت خواتین کیلئے بھی تفریح کے انتظامات ہونگے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری،ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی دلاور خان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مرتضی ملک،ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان اور دیگر افسران موجود تھے۔ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے بتایا کہ نورپور پارک،کریسنٹ پارک شیخوپورہ روڈ،قاسم پارک پیپلز کالونی نمبر2،انصاری پارک بدر کالونی،محمدی پارک لیاقت ٹان،میاں شریف پارک274 ر۔ب،راجہ پارک شریف پورہ ستیانہ روڈ،جنگل سنگھ پارک پیپلز کالونی نمبر1،لالہ زار پارک چن ون روڈ اور کینال پارک / سپورٹس آرینا ناولٹی پل سے پل کوریاں پارک کو سپورٹس گرائونڈ میں منتقل کرنے کے لئے تجویز کیا گیا ہے۔کمشنر نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی کو مشترکہ وزٹ کرکے پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جون 2026 سے پہلے ان سائٹس کو سپورٹس گرائونڈ میں تبدیل کرکے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کرنی ہیں۔کمشنر نے کہا کہ سپورٹس گرائونڈ میں پانی،واش روم کی سہولت بھی دستیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہر گرائونڈ کی الگ سے لوکل سپورٹس کمیٹی بھی قائم کرنے کی تاکید کی۔ کمشنر نے کہا کہ پارک اپنائیں پروگرام کے تحت شہر کے بڑے پارک کو پبلک سکولوں کے سپرد کیا جائے گا جسے ”پاکستان پارک ”سے منسوب کرکے ہر صوبہ کی ثقافت کو نمایاں طور پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات بھی کئے جائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں